بینکاک (بزنس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کی ایگزیکٹو سیکرٹری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترجیحات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر معاشی استحکام کی پیش رفت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں ساختی اصلاحات اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی ناگزیر ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کے بڑے چیلنجز ہیں۔
ملاقات میں آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پیشگی انتباہی نظام کے لیے تکنیکی معاونت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور توانائی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ سٹیٹ بینک کے لیے ممکنہ تکنیکی معاونت اور موسمیاتی منصوبوں کی تیاری پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی تجزیے کو عملی اقدامات اور قابل پیمائش نتائج میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔


