مظفرگڑھ میں مین بازار کے قریب تاجروں اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تاجروں نے ملتان پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو پکڑ کر دکان میں بند کر دیا تھا۔
سب انسپکٹر کو چھڑانے کے لیے ایلیٹ فورس کی نفری موقع پر پہنچی تھی۔
پولیس کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس اور ایلیٹ فورس نے سب انسپکٹر کو تحویل میں لے لیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد تاجروں نے ملتان روڈ پر احتجاج شروع کر دیا۔
تاجروں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں اور سادہ لباس افراد نے جیولر کی دکان پر دھاوا بولا۔ تاجروں کے مطابق ملزمان لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور پچیس لاکھ روپے نقد چوری کر کے لے گئے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ مسلح افراد عمیر نامی جیولر کو بھی اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ ملزمان دکان کے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
تاجروں نے ایک پولیس اہلکار کو پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جیولر شاپ میں کی گئی کارروائی کی کوئی اطلاع مقامی پولیس کو نہیں دی گئی تھی۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تاجر درخواست دیں تو کارروائی کی جائے گی اور مبینہ مغوی کو بازیاب کروایا جائے گا۔


