مکوآنہ (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں کینسر صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ 2050 تک اس مرض کے سالانہ نئے کیسز 3 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر جائیں گے۔
عالمی ادارہ صحت کے تخمینوں کے مطابق 2022 کے مقابلے میں نئے کیسز میں تقریبا 77 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں دنیا بھر میں کینسر کے 2 کروڑ نئے کیسز سامنے آئے۔ اس مرض کے باعث تقریبا 97 لاکھ افراد جان سے گئے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر پانچ میں سے ایک شخص کو زندگی میں کینسر کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کینسر کے بڑھتے بوجھ کی وجوہات میں آبادی میں اضافہ اور عمر رسیدہ افراد کی تعداد بتائی گئی۔ ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی، شراب نوشی اور موٹاپا اہم خطرات ہیں۔
2022 میں پھیپھڑوں کا کینسر سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا مرض رہا۔
عالمی اداروں نے کینسر کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص پر زور دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آگاہی اور بروقت طبی معائنے کے ذریعے اموات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔


