لاہور (بیورو رپورٹ) خواتین کو باعزت روزگار دینے کے لیے رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیا، جس کے تحت 34 خواتین کو تربیت دی گئی۔
نجی یونیورسٹی کے تعاون سے منعقدہ رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام کے تحت بحریہ ٹائون اور مناواں کے ڈرائیونگ اسکولوں میں خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو ڈرائیونگ کی مہارت سکھانے کے ساتھ معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین خود رکشہ چلا کر آمدنی حاصل کر سکیں گی اور اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں گی۔
لاہور میں خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کے لیے کار اور اسکوٹی کے 12 اسکول قائم کیے جا چکے ہیں جہاں اب تک 16 ہزار سے زائد خواتین کو تربیت دی جا چکی ہے۔


