اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ معاہدے اور اتحاد علاقائی امن و سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔


