کراچی (بزنس ڈیسک) عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان پر مشتمل خطے میں یومیہ 3 ڈالر سے کم آمدنی والے انتہائی غریب افراد میں 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں غربت کی شرح اب بھی کورونا وبا سے پہلے کی سطح سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں 2018-19 سے 2024-25 کے دوران یومیہ 3 ڈالر سے کم آمدنی پر غربت میں 64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق ملک میں غربت بڑھنے کی وجوہات میں کورونا وبا، شدید مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی اور سیلاب شامل ہیں۔ ان عوامل نے عوام کی قوت خرید اور روزگار کے مواقع کو شدید متاثر کیا ہے۔
رپورٹ کے تخمینے کے مطابق مہنگائی کی شرح 2026 کے دوران 7.1 فیصد اور 2027 میں بڑھ کر 8.2 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اس صورت حال سے کم آمدنی والے طبقات پر مزید معاشی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔


