بہاولپور ڈیسک۔ پاکستان کے معروف گلوکار اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار طاہر عباس کو ہارٹیکلچر اتھارٹی بہاولپور کا باضابطہ برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
بہاولپور لائبریری میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پی ایچ اے کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نیئر مصطفیٰ اور گلوکار طاہر عباس نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس اشتراک کا مقصد بہاولپور میں شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ اور صفائی ستھرائی کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت طاہر عباس پی ایچ اے کے لیے ایک خصوصی آفیشل ترانہ تیار کریں گے۔
ترانے کی شاعری اور ویڈیو پروڈکشن سے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام عوام تک پہنچایا جائے گا۔ طاہر عباس کے گانوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایک ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
وہ پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں سینکڑوں میوزیکل کنسرٹس کر چکے ہیں۔ اس اشتراک کے ذریعے نوجوان نسل کو شجرکاری اور صفائی کی مہمات میں شامل کیا جائے گا۔


