کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے فلم گھوسٹ اسکول کی عوامی نمائش کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے سندھ سنسر بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ فلم سازوں کی جانب سے متنازع جملہ حذف کیے جانے کے بعد 10 روز میں سرٹیفکیشن پر دوبارہ غور کیا جائے۔
جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جے جے سیماب گل و دیگر کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر سندھ سنسر بورڈ دیگر صوبوں کے بورڈز سے مختلف فیصلہ کرتا ہے تو اسے معقول قانونی وجوہات پیش کرنا ہوں گی۔
عدالت کے مطابق وفاقی اور پنجاب سنسر بورڈز فلم کو پہلے ہی نمائش کے لیے منظور کر چکے تھے۔ عدالت نے واضح کیا کہ سندھ سنسر بورڈ اپنے سابقہ اعتراضات سے آگے بڑھ کر فلم پر کوئی نیا اعتراض عائد نہیں کر سکتا۔


