ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے ضلع میں امن و امان بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ ہدایات تھانہ اے سیکشن ٹھل میں منعقدہ کرائم میٹنگ کے دوران جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ڈی ایس پی ٹھل، ڈی ایس پی گڑھی حسن اور سب ڈویژنز کے تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف اے پی سیز اور چینز کے ہمراہ ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں۔
انہوں نے ٹھل اور گڑھی حسن میں رات کے اوقات میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کی ہدایت کی۔ سرحدی پولیس پکٹس پر سیکیورٹی سخت کرنے اور مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
ملز مالکان کو ہدایت کی گئی کہ نقد رقم منتقل کرنے سے قبل متعلقہ تھانے کو لازمی اطلاع دیں۔ اجلاس کے بعد ایس ایس پی نے تھانے میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور احکامات جاری کیے۔


