جیکب آباد (نیوز ڈیسک) جیکب آباد میں یونیورسٹی کے قیام کے مطالبے کے حق میں جمعیت طلبہ اسلام نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور حکومت سندھ سے فوری اعلان کا مطالبہ کیا۔
ریلی کی قیادت ڈاکٹر اے جی انصاری، حاجی محمد عباس بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا کر شہر میں مارچ کیا اور جیکب آباد کو یونیورسٹی دینے کے نعرے لگائے۔
رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دوسرے شہروں میں جانا پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے غریب اور متوسط طبقے کو شدید مالی اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ جیکب آباد یونیورسٹی کے قیام کا فوری اعلان کیا جائے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کے قیام تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


