ٹنڈو محمد خان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم کے گاؤں جھنگ کاتیار میں انیس سالہ نوجوان عبدالعزیز کاتیار کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کر دیا گیا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر بلڑی شاہ کریم پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر سول اسپتال ٹنڈو محمد خان منتقل کر دی۔
اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ مقتول کے ورثا نے میڈیا کو بتایا کہ عبدالعزیز کاتیار رات کے وقت سو رہا تھا۔
ورثا کا الزام ہے کہ چار ملزمان بچل کاتیار، امین کاتیار، ایوب کاتیار اور صدیق کاتیار نے حملہ کیا۔ ملزمان نے کلہاڑیوں کے پے در پے وار کیے جس سے نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ورثا نے حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی باضابطہ رپورٹ درج کر لی ہے۔ پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔


