سرگودھا (نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور عزت و وقار کے تحفظ کے لیے خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی پر موثر عملدرآمد کا حکم دے دیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے تحت سمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپے خفیہ آلات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے ہدایت کی کہ ممنوعہ آلات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں اور دکانوں سمیت آن لائن ذرائع پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکاندار سکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر سکتے ہیں لیکن خفیہ کیمروں کے استعمال کی اجازت نہیں۔
حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کا اطلاق تیس روز کے لیے کیا گیا ہے۔ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ آلات اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔


