مریدکے (این این آئی) مریدکے میں سی سی ڈی پولیس کی کارروائی کے دوران 5 سالہ بچے عون عباس کے قاتل آصف اور منیب مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیے گئے۔
پولیس کے مطابق 5 سالہ عون عباس کو 2 ماہ قبل ملزمان نے اغواء کے بعد قتل کر دیا تھا۔ رتہ بھیڑ گاؤں کے رہائشی اس بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش جوہڑ میں پھینک دی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان بچے کی بازیابی کے لیے ورثاء سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کو شواہد کی ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
راستے میں مسلح ساتھیوں نے حراست سے چھڑانے کے لیے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں زیرِ حراست ملزمان آصف اور منیب اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔


