بیمان بنگلادیش ایئرلائنز کی پہلی پرواز ڈھاکہ سے 150 مسافر لیکر کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی، رن وے پر طیارے کا روایتی اور تاریخی استقبال کیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں گورنر سندھ نے خصوصی شرکت کی۔

گورنر سندھ نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش آپس میں برادر ملک ہیں مگر درمیان میں بھارت اور بالخصوص مودی نے اپنے مذموم عزائم استعمال کیے جن میں اب وہ ناکام ہوگیا ہے۔
قبل ازیں ڈھاکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریب میں فلائٹ کی باضابطہ روانگی کا افتتاح کیا گیا اور اس کے ذریعے مستقبل میں پروازوں کی تعدد بڑھانے اور کرایوں میں کمی کی منصوبہ بندی کا اعلان بھی کیا گیا۔


