لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتِ حال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چودھری افتخار حسین چھچھر، نورالامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے حل کے لیے بھرپور تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان اسمبلی نے 41 اضلاع اور دو تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی اور شہریوں کے لیے الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی کے مطابق اوکاڑہ میں الیکٹرو بسیں جنرل بس اسٹینڈ سے اختر آباد، کرمانوالہ، اڈہ کسان اور اوکاڑہ یونیورسٹی تک چل رہی ہیں، جبکہ طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے اور پولیس کی مؤثر کارروائیوں کے باعث پنجاب میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔
ارکان اسمبلی نے الیکٹرو بس، اپنی چھت اپنا گھر اور کسان کارڈ جیسے منصوبوں کو عوام میں مقبول قرار دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطے رکھنے اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ پہلی بار صوبے کے تمام شہروں اور دیہات کو ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے یکساں طور پر صاف کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کی خبریں سن کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے۔ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کیا جا رہا ہے اور ہر شہر و گاؤں میں الیکٹرو بسیں چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


