لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا حکومت پر اعتماد کا رشتہ بحال ہونا چاہیے، ٹیکنالوجی کا دور ہے اور آج کی دنیا میں مصنوعی ذہانت کے بغیر کچھ ممکن نہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی اور فرسودہ طریقوں سے چلتے رہے تو ناکامی یقینی ہوگی، ہر معاملے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر کامیاب منصوبے کے پیچھے پی آئی ٹی بی کی ٹیکنیکل سپورٹ شامل ہے، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے کی ریڑھ کی ہڈی کے مترادف ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف اور پوری ٹیم کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سال پہلے ڈیجیٹل انقلاب کے مستقبل کو سمجھنے پر شہباز شریف کو کریڈٹ دینا ضروری ہے، محمد شہباز شریف نے پی آئی ٹی بی کا اسٹرکچر ڈویلپ کرکے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے لیڈ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پورا نظام آٹومیشن کی طرف آ رہا ہے، ای گورننس، ای بز، مریم کی دستک اور دیگر منصوبے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں اب روایتی فائلنگ سسٹم کے بجائے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔


