لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں محمد سلمان، نازک کریم اور ملک لعل محمد شامل تھے۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال، عوامی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان، وہاڑی دو رویہ سڑک کی تعمیر پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ملتان کی تزئین و آرائش اور گلگشت برانڈ روڈ کی تعمیر و بحالی کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں ملتان شہر میں جلد الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو ملتان کی شہری آبادی اور دیہات میں شجرکاری مہم چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اپ گریڈیشن قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی پورے ملک کی مقبول اور حقیقی عوامی جماعت ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تاریخی شہر ملتان میں سیاحتی حب بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔


