اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم کے تمام تقاضے پورے کیے گئے، تاہم تحریک انصاف کی جانب سے بے بنیاد توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ انتظامیہ نے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کیا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ کوئی بیان بازی نہیں ہوگی، لیکن میڈیا ٹاک کی گئی، سیاست اور بیان بازی ہوئی جبکہ سیکیورٹی میں بھی خلل ڈالا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ ان کی بہن اور ان کے ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا گیا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی بالکل ٹھیک ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق شفا اسپتال کے باہر ٹولیوں کی صورت میں لوگوں کا جمع ہونا بھی توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی فیملی اور پارٹی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے معاملات میں سیاست کو ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ جب بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تو وہ اپنے مخالفین کے بارے میں تضحیک آمیز گفتگو کرتے تھے۔ نظرثانی میں مودبانہ طریقے سے پوچھا گیا کہ کیا یہ سہولت ہر قیدی کو میسر ہے، جبکہ عدالتی حکم کے مطابق تمام لوازمات پورے کیے گئے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان اور پنجاب بار کونسل کے بعض ارکان نے اپنا ذاتی موقف پیش کیا، جبکہ چند وکلا نے بار کو بھی سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی۔


