اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، دوطرفہ تجارت، داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر مملکت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
آصف علی زرداری نے انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے دوران داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون سے دونوں ممالک کے شہریوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ صدر مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید مارکیٹ تک رسائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی وہاں طلب موجود ہے، جس سے تجارتی حجم بڑھانے کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ 2026 پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس وقت پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں جبکہ فضائی رابطوں میں مزید اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔


