لاہور: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے مرکزی صدر کاظم خان نے سینئر صحافی و ٹی وی اینکر اور CPNE اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن ذوالفقار احمد راحت کے آبائی گھر، نارنگ منڈی میں مبینہ پولیس کارروائی اور اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کاظم خان نے کہا کہ کسی شہری کے گھر میں بلاجواز داخل ہونا، خواتین سے بدتمیزی کرنا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ ان کے مطابق پنجاب پولیس کا فرض شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، نہ کہ گھروں میں داخل ہو کر خوف و ہراس پیدا کرنا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی مقدمے یا قانونی کارروائی کے سلسلے میں پولیس کو ضرورت تھی تو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کی جانی چاہیے تھی۔ ان کے بقول کسی سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری کے نام پر ایسے خاندانوں کو نشانہ بنانا، جن کا سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔
CPNE کے مرکزی صدر نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ مبینہ پولیس کارروائی کا فوری نوٹس لیا جائے، کارروائی میں ملوث پولیس پارٹی کو معطل کیا جائے اور معاملے کی اعلیٰ سطحی، شفاف و غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے۔
کاظم خان نے مزید کہا کہ صحافیوں کے گھروں اور خاندانوں کو دباؤ یا ہراسانی کا نشانہ بنانا آزادیٔ صحافت اور شہری آزادیوں کے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ CPNE اپنے رکن ذوالفقار احمد راحت کے ساتھ کھڑی ہے اور توقع کرتی ہے کہ پنجاب حکومت و پولیس کی اعلیٰ قیادت معاملے میں فوری انصاف یقینی بنائے گی۔


