لاہور (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 13 دن میں پنجاب پولیس کے 791 افسران اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے معاملات پر کارروائی کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 78 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست اور 60 کو معطل کیا گیا، جبکہ 230 اہلکاروں کو لائن حاضر کیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق 79 اہلکاروں کے رینک میں تنزلی اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ 274 اہلکاروں کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 70 اہلکاروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کرپشن اور کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ان کے بقول پنجاب پولیس کے خلاف کارروائی سمیت سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے شہریوں کی جانب سے کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف شکایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کو کرپشن سے پاک کرنا وزیراعلیٰ کا مشن ہے۔


