لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر وفد کی پنجاب سوشل ویلفیئر حکام سے ملاقات میں فلاحی پروگراموں، تکنیکی معاونت اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ پنجاب کے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق وفد کی قیادت سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ ریلیجس افیئرز تہذیب فاطمہ نے کی۔
وفد نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آزاد جموں و کشمیر عبدالواحد خان، یونیسیف کوآرڈینیٹر شاہد محمود قریشی اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد عباسی بھی شامل تھے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے افسران نے وفد کو مختلف پروگراموں اور طریقۂ کار سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں دھی رانی پروگرام، معاون آلات و وہیل چیئرز پروگرام اور ہمت کارڈ پروگرام کے علاوہ مستحق افراد کے لیے سہولیات، اہلیت اور عملدرآمد کے امور شامل تھے۔
آزاد کشمیر وفد کی پنجاب سوشل ویلفیئر حکام سے ملاقات کے دوران پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، پنجاب بیت المال کونسل اور کونسل آن دی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ابیلیٹیز کے بارے میں بھی معلومات دی گئیں۔
ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو تکنیکی امور اور پروگراموں کے مؤثر نفاذ کے لیے معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے ذریعے متعلقہ افسران اور عملے کی تربیت میں بھی تعاون کیا جا سکتا ہے۔
ہینڈ آؤٹ کے مطابق دونوں جانب سے تجربات کے تبادلے، تکنیکی معاونت اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


