لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ق) سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد صادق شیخ نے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی ڈھانچے کے قیام سے عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہوگا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی آبادی والے صوبوں کا انتظام ایک فرد کے لیے مؤثر طور پر چلانا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق صوبوں کی تعداد بڑھانے سے عوام کو یکساں توجہ، فوری انتظامی سہولتیں اور انسانی حقوق کا بہتر تحفظ ملے گا۔
محمد صادق شیخ نے کہا کہ بڑے صوبوں میں اکثر عوامی مسائل نظرانداز ہو جاتے ہیں، جس سے تعلیم، صحت، انصاف اور روزگار جیسے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم سے صحت و تعلیم کی سہولتوں تک رسائی بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مزید صوبوں کے قیام کا مقصد سیاسی تقسیم نہیں بلکہ عوام کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہے۔ ان کے بقول مسلم لیگ (ق) کی قیادت بڑھتی آبادی کے تناظر میں حقوق کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں صوبوں کے قیام کی کوششیں کر رہی ہے۔


