اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی اور حریت قیادت نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا خیرمقدم کیا ہے۔ حریت قیادت نے اسلام آباد سے جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اور حقِ خودارادیت کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔ بیان کے مطابق کشمیری عوام آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کے استصوابِ رائے کے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ مزید برآں، حریت رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور آبادیاتی تشخص کو بدلنے کی کوششوں کی مذمت پر وزیراعظم کے مؤقف کو سراہا۔


