لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق معمول کے مطابق تمام فیڈرز پر زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا سکے گی۔ مزید برآں، تکنیکی یا فنی خرابی کی صورت میں بھی کسی فیڈر کو چوبیس گھنٹوں کے دوران دو گھنٹے سے زائد بند رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے وزارتِ پاور ڈویژن کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی ہے۔ اس کے بعد وزارتِ پاور ڈویژن نے لوڈشیڈنگ کی نگرانی کے لیے روزانہ اجلاس بھی شروع کر دیے ہیں۔ اجلاس میں تمام تقسیم کار کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹس کے ساتھ ساتھ گیارہ کے وی فیڈرز کی آن لائن مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ تمام دفاتر کو کسی بھی فیڈر کو دو گھنٹے سے زائد بند رکھنے سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لیسکو میں رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا ہے۔


