بیورو رپورٹ (صورتِ حال، DESK) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے صارفین پر بجلی کے بلوں کی مد میں لیسکو کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے اخراجات کی مد میں 9 کروڑ روپے کی منظوری کے لیے نیپرا سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ نیپرا سے منظوری ملنے کی صورت میں یہ رقم بجلی کے بلوں کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی پی ایم سی کی جانب سے لیسکو کو فنڈز کی ادائیگی کے لیے مراسلہ بھجوایا گیا تھا۔ پی پی ایم سی میں مختلف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا ہے۔ مزید برآں، مختلف کمپنیوں سے ریٹائر ہونے والے افسران بھی پی پی ایم سی میں لاکھوں روپے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ان تعیناتیوں کے باعث تقسیم کار کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری کے بعد ہی صارفین سے رقم کی وصولی کا حتمی طریقہ کار واضح ہوگا۔


