اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما راجہ چنگیز خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے عالمی فورم پر قرآن مجید کی آیاتِ مبارکہ کی تلاوت سے اپنے خطاب کا آغاز کرکے دنیا کو پاکستان کی اسلامی، جمہوری اور امن پسند شناخت کا واضح پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم کا خطاب امت مسلمہ، مظلوم کشمیریوں اور فلسطینی عوام کی آواز بن کر عالمی ایوانوں میں گونجا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا مؤقف انتہائی دوٹوک اور مدلل انداز میں پیش کرتے ہوئے عالمی برادری کو باور کرایا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔ پاکستان آج بھی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ راجہ چنگیز خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں فلسطین کے نہتے عوام پر ہونے والے مظالم، مسئلہ کشمیر، عالمی امن، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سمیت اہم عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کو آئینہ دکھاتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے انصاف، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو عالمی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی فورم پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا اعادہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔


