پشاور (پشاور بیورو) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اتوار کو ہونے والی ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔ اعلامیے کے مطابق اگر صدر اور وزیراعظم گورنر راج ضروری سمجھیں تو گورنر ہائوس آئینی کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا استعمال عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مختلف اضلاع سے پولیس اہلکار پولیس لائنز طلب کر لیے گئے ہیں۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔


