اسلام آباد (بیورو رپورٹ، نیشنل ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے فروغ کی ذمے دار قرار دے دیا۔ جاری کردہ بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت دہشت گردی کو نہیں روک سکتی ہے۔
صوبائی حکومت دہشت گردی پھیلانے کی ذمے دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتی تو یہ اس کی مکمل ناکامی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے دہشت گردوں کو اسپیس دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس تک نہیں بلایا جاتا ہے۔ ہزاروں جوان اور افسر شہید ہوئے لیکن دہشت گردی کی مذمت تک نہیں کی گئی۔
انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان سے تمام فائدے لیے جاتے ہیں لیکن حمایت افغانستان کی جاتی ہے۔ بتایا جائے کہ شہدا کے جنازوں میں شرکت سے کس نے روکا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دوغلی پالیسی اور دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ سیاست بعد میں ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ سب سے پہلے ہے۔


