اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس پر کاری ضرب ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


