اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور احتجاجی حکمت عملی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو سڑکوں پر لا کر خود کو محفوظ گاڑیوں میں چھپا لینا دلیری نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مسلح کارکن سڑکوں پر ہیں۔ ان کے نام نہاد دلیر لیڈران بم پروف اور بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران عدالتی احکامات اور طے شدہ شرائط کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ احتجاج میں ہیلی کاپٹر، سرکاری وسائل اور اسلحہ بردار جتھوں کا کھل کر استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوم کا اتفاق ہے مگر پی ٹی آئی اس پر راضی نہیں۔ سکیورٹی فورسز کی شہادتوں پر پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی مذمت سامنے نہیں آتی۔


