اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ والے آپشن پر غور کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں دوبارہ مذاکرات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پہلی وجہ یہ تھی کہ اپوزیشن وفد بے اختیار تھا جبکہ تمام اختیارات کے پی حکومت کے پاس تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کی دوسری وجہ دونوں فریقین کی ترجیحات کا واضح فرق ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری ترجیح ریاست اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے جبکہ اپوزیشن کی ترجیح سیاست اور بانی پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔ طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ اسلام آباد کی طرف آنے والے مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔


