لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں عوامی مقامات پر پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔
عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔
عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق چھ سے پندرہ اکتوبر تک ہوگا۔
امن و امان کے خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی درخواست کی تھی۔ سیکرٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری کے تحت عوامی اجتماعات پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔


