نئی دہلی (خصوصی رپورٹ، انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں دہلی پولیس نے خواتین صحافیوں سے جنسی زیادتی کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ کرنے والے کم از کم اٹھارہ آزاد صحافیوں اور مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ تین اکتوبر کو جنتر منتر کے قریب پیش آیا۔
صحافی روزی نے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس وویک بھگت نے احتجاج کی کوریج کے دوران نامناسب سلوک کیا۔ دو دیگر خواتین صحافیوں نے بھی پولیس افسر کے خلاف بدسلوکی کے الزامات عائد کیے۔
صحافیوں اور کارکنوں نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ چار اکتوبر کی صبح پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لیا اور انہیں پارلیمنٹ اسٹریٹ سے تقریبا بارہ کلومیٹر دور دہلی کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔
حراست میں لیے گئے افراد نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں گاڑیوں کے اندر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ دہلی پولیس نے صحافیوں اور مظاہرین پر تشدد کے الزامات کی تردید کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات کو تحقیقات کے لیے کرائم برانچ منتقل کر دیا گیا ہے۔


