لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ اور دیگر مقررین نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری، جامع قیادت اور ماحول دوست طرزِ عمل اپنانا ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاحی تنظیم برگد اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے اشتراک سے منعقدہ دوسری انکلوسیو کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک کانفرنس اور کلائمیٹ گالا 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاقف انور چوہدری، عنبرین لطیف، محمد یوسف اور دیگر شامل تھے۔
مقررین نے برگد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قدرتی ماحول کا تحفظ تمام مذاہب اور معاشرتی طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ برگد کے فیتھ اِن ایکشن پراجیکٹ کے تحت ہونے والی اس کانفرنس میں 236 شرکاء نے شرکت کی۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد مذہبی اقدار پر مبنی موسمیاتی اقدامات کو فروغ دینا تھا۔ مقررین نے مختلف طبقات میں تعاون کو فروغ دے کر مشترکہ اقدار کو ماحولیاتی اقدامات میں بدلنے کا عزم کیا۔


