ساہیوال پولیس نے رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 174 جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 265 سے زائد ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان کارروائیوں میں ڈاکو، نقب زن، مویشی چور اور نوسرباز شامل ہیں۔ موٹر سائیکل چور، موبائل چھیننے اور بھتہ خوری میں ملوث افراد بھی پکڑے گئے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا۔
پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران 585 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے ان کارروائیوں کے دوران 16 کلو گرام ہیروئن اور 651 کلو گرام چرس برآمد کی۔
سوا 6 کلو گرام آئس اور 5 کلو گرام افیون بھی قبضے میں لی گئی۔ اس کے علاوہ 6 ہزار 639 بوتلیں شراب اور 14 شراب کی چالو بھٹیاں بھی پکڑی گئیں۔
ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران ایک کلاشنکوف، 17 رائفلیں اور 125 بندوقیں برآمد کی گئیں۔ پولیس نے 42 ریوالور، 654 پسٹل، 12 کاربین اور 10 خنجر بھی قبضے میں لیے۔
پولیس نے 1758 گولیاں برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔


