لاہور (این این آئی) سر تال میوزک اکیڈمی ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ بچوں کی قوالی اور موسیقی کی ویڈیوز نے ملک اور دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے۔
نارویجن آرٹسٹ ولیم گیمبورگ کی اکیڈمی میں موجودگی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر علی ڈار نے اپنے بیٹے ابراہیم کے ہمراہ سر تال میوزک اکیڈمی کا دورہ کیا۔ انہوں نے باصلاحیت بچوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور ان کی موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔
علی ڈار نے سوشل میڈیا پر دورے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
علی ڈار نے لکھا کہ ابراہیم نے اکیڈمی کے بچوں کے ساتھ نہایت خوبصورت اور خوشگوار وقت گزارا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک چھوٹا سا اسٹوڈیو ہے لیکن اس کا دل بہت بڑا ہے۔
ان کے مطابق یہ اکیڈمی اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان صلاحیتوں کو ابھی دنیا کے سامنے آنا باقی ہے۔
علی ڈار نے مزید کہا کہ صلاحیتیں مختلف ہو سکتی ہیں لیکن دھن ایک ہے اور خوشیاں بے شمار ہیں۔


