لاہور (این این آئی) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی سیٹ کے حتمی نتائج کے ساتھ ساتھ دیگر 8 حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کی سفارشات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان پی پی ایس سی کے مطابق بورڈ آف ریونیو اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں سافٹ ویئر ڈیویلپر کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سینئر رجسٹرار پیڈیاٹرک اینستھیزیا کی 4 اسامیوں کے لیے 3 امیدوار کامیاب ہوئے اور ایک آسامی خالی رہ گئی۔
اس ڈیپارٹمنٹ میں سینئر رجسٹرار پیڈیاٹرک میڈیسن کی 26 میں سے 25 اسامیوں پر امیدوار کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ سینئر رجسٹرار آفتھلمولوجی کی اسامیوں کے لیے 8 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا جبکہ کوٹے کی نشستیں خالی رہ گئیں۔
سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں سینئر رجسٹرار گیسٹرواینٹرولوجی کی 4 اسامیوں پر بھی امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی گئی ہے۔ پنجاب پریزنز ڈیپارٹمنٹ میں لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن اینڈ کلائمیٹ چینج ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ ریسرچ کی ایک آسامی پر بھی سفارش کی گئی ہے۔ پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنٹریکٹ کی 2 اسامیوں کے لیے 2 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
تمام کامیاب امیدواروں کی تفصیلات پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔


