بشکیک: پاکستان کرغزستان تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند ہے اور تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین کو مزید سہل بنایا جائے گا۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف موجود تھے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔
دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام، تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب میں منشیات، نشہ آور اشیا اور اسمگلنگ کی روک تھام، طبی تعلیم، ڈاک اور ای کامرس، ملزمان کی حوالگی، ورچوئل اثاثہ جات اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون سے متعلق معاہدے بھی شامل تھے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغز ادارے کے درمیان تحقیق کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت بھی ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہیں۔ ان کے مطابق حکومتیں اور نجی شعبہ تجارتی تعلقات بڑھانے میں مدد دیں گے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاسا 1000 توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے۔ پاکستان اور کرغزستان دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف مل کر کام کرنے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور مختلف دوطرفہ، علاقائی و عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے پر بھی متفق ہیں۔
پاکستان کرغزستان تجارت کے فروغ کے ساتھ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا، جس سے دونوں ملکوں کے ثقافتی روابط بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ وزیراعظم نے کرغز صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
صدر صادر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل کرغزستان کے صدارتی محل میں وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ صدارتی محل آمد پر انہیں ریڈ کارپٹ استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔


