بہاولنگر (بیورو رپورٹ) ضلع بہاولنگر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات نے فیلڈ آپریشن مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی کنزرویٹر آفیسر بہاولنگر محمد آصف مہر کے مطابق محکمہ نے فیلڈ اسٹاف کو موٹر سائیکلیں اور افسران کو سرکاری گاڑیاں مہیا کی ہیں۔
محمد آصف مہر نے بتایا کہ فارسٹ رینجرز اور بلاک آفیسرز کو ملزمان گرفتار کرنے کے اختیارات اور ہتھکڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ تمام اہلکاروں کو اپنے علاقوں میں گشت بڑھانے اور درختوں کی کٹائی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایات جاری ہوئی ہیں۔
محکمہ جنگلات کو فیلڈ عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے جسے پورا کرنے کے لیے نیا عملہ تربیتی مراحل میں ہے۔ ڈپٹی کنزرویٹر کے مطابق ضلع بھر میں جلد نئی چوکیاں قائم کی جائیں گی تاکہ غیر قانونی لکڑی کی نقل و حرکت کی نگرانی ہوسکے۔


