راولپنڈی (بیورو رپورٹ)۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ جب بھی کشمیر پر کوئی نیا ڈیزائن تیار کیا گیا مسلم کانفرنس کو اقتدار سے الگ کر دیا گیا۔
انہوں نے ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو تقسیم کشمیر میں رکاوٹ ہے۔ مسلم کانفرنس نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو گھر گھر پہنچایا۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں نے کشمیر کے حالات کو خراب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اس وقت بڑی سازشوں میں مصروف ہے اور کشمیریوں اور پاکستانی قوم کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


