ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)۔ افغانستان پر ماسکو فارمیٹ مشاورت کا آٹھواں اجلاس روس کے دارالحکومت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان اور چین سمیت خطے کے مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور خطے کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماسکو فارمیٹ اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرتا رہے گا۔
روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ افغانستان میں نیٹو کے فوجی انفراسٹرکچر کی تعیناتی ناقابل قبول ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ خطے میں غیر ملکی فوجی انفراسٹرکچر عدم استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔


