کوئٹہ (نامہ نگار) کوئٹہ کے علاقے لور کاریز میں ریلوے پٹڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے ریلوے پٹڑی سے اتارا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ پیر کی شام لور کاریز میں ریلوے اہلکار گشت کر رہے تھے۔ اہلکاروں نے ریلوے ٹریک کے بعض حصوں میں غیر معمولی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔
ریلوے اہلکاروں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی اور بروقت کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے ملزم ظہیر احمد کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے ریلوے پٹڑی کے نٹ اور کلپس برآمد کر لیے گئے۔ شاہد رند کے مطابق ابتدائی معائنے میں ٹریک کے مختلف مقامات پر نٹ اور کلپس کھلے ہوئے پائے گئے۔
اس سے پٹڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا انکشاف ہوا۔ واقعے کے بعد ٹریک کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایف آئی آر نمبر 183/2026 کے تحت درج کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس محرکات کا جائزہ لے رہی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


