صنعاء (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کی فورسز نے اہم بحری گزرگاہ باب المندب آبنائے پر موثر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ یمنی حکومتی فورسز نے آبنائے کے قریب اہم پوزیشنز سنبھال لی ہیں۔
معمر الاریانی کے مطابق حکومتی فورسز نے سعودی فضائی مدد کے ساتھ ساحلی علاقے میں پیش قدمی کی ہے۔ حکومتی فورسز نے باب المندب کے تنگ ترین مقام کے قریب واقع ذباب کے علاقے میں اہم پوزیشنز پر قبضہ کر لیا ہے۔
یہ علاقہ عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ فوج نے آبنائے کے قریب واقع ذباب ایئر اسٹرپ بھی اپنے قبضے میں لے لی ہے۔
ان کے مطابق علاقے میں موجود باقی حوثی فورسز کا رابطہ بھی کاٹ دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حوثیوں نے حکومتی فورسز کی پیش قدمی کی اطلاعات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
حوثی ذرائع نے ان دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔


