کمالیہ (نیوز ڈیسک) کمالیہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بالخصوص رات کے اوقات میں طویل دورانیے کی بجلی بندش سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمالیہ کے شہری علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ چار گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
رات کے وقت بار بار بجلی بند ہونے کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث انہیں راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ بجلی کی بندش سے گھریلو معمولات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں جاری لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔


