لاہور (این این آئی) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے کرائم کنٹرول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور نوسربازوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام سے متعلق حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے بینکوں، مارکیٹوں اور جیولری شاپس کی حفاظت کے لیے سکیورٹی گارڈز کی تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے چوری کی روک تھام کے لیے ہاٹ اسپاٹس پر سادہ لباس اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پولیس افسران کو دفاتر میں مقررہ اوقات میں شہریوں سے ملاقات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔


