
لاہور(چیف رپورٹر)مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلے بھی متعدد موقعوں پر کہا کہ فوج کا مینڈیٹ یہ نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرے، مذاکرات سیاسی پارٹیوں میں ہی ہوتے ہیں اور یہ انہی کا مینڈیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ، جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے، اب پی ٹی آئی کی صوابدید ہے کہ وہ ڈائیلاگ کرتی ہے یا نہیں، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں وہ مذاکرات نہیں سٹریٹ مومنٹ چلانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی، انارکی اور افراتفری چاہتے ہیں، ان کا ایجنڈا واضح ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی کے کہنے پر ادھر ادھر دوڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی، عوام ان کی ہڑتال کو بری طرح مسترد کریں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کے پی حکومت کا افغانستان کے حوالے سے مقف انتہائی غیر ذمہ دارانہ، قابل مذمت اور قومی مفادات کے خلاف ہے۔


