جموں (انٹرنیشنل ڈیسک) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین کے بینر تلے محکمہ سیاحت کے ملازمین کا احتجاج مسلسل دسویں روز بھی جاری رہا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یونین کے صدر قمر دین، چیئرمین اروند ٹکو اور جنرل سیکریٹری اننت کول کی قیادت میں ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔
ملازمین نے محکمہ سیاحت کے لیے مناسب بجٹ مختص کرنے، ریٹائرمنٹ کے واجبات ادا کرنے اور رہائشی مکانات کے کرائے میں منظور شدہ چالیس فیصد اضافے پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
یونین نے مزید کہا کہ پچپن ماہ سے زیر التوا کنٹری بیوٹری پراویڈنٹ فنڈ کے واجبات ادا کیے جائیں اور بارہ سال سے رکی ہوئی محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس فوری بلایا جائے۔ طویل عرصے سے کام کرنے والے ڈیلی ویجرز کو مستقل کرنے اور دیگر الاؤنس دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔


