سرینگر (این این آئی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے ضلع بارہمولہ میں افضل گورو کا ڈیری یونٹ مسمار کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ مال کی ایک ٹیم نے انسداد تجاوزات مہم کے نام پر بارہمولہ کی اسٹیڈیم کالونی میں یہ کارروائی کی۔
یہ ڈھانچہ افضل گورو کی اہلیہ اور رشتہ داروں کی قانونی ملکیت تھا۔ اس کارروائی کے دوران علاقے کے اطراف بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خاندان کو اجتماعی سزا دینے کا اقدام قرار دیا۔ حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے کہا کہ اس کا مقصد خاندان کو املاک سے محروم کرنا ہے۔
انہوں نے عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس کارروائی کا نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں۔


