مظفرآباد (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) پنشنرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات مظفر حسین منہاس نے کہا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر بھاری اضافے نے پنشنرز کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پچاس فیصد سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ پنشن میں اضافہ صرف سات فیصد دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشن میں اضافہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے۔
مظفر حسین منہاس نے مزید کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں دو سو سے چار سو فی صد اضافے کی وجہ سے بزرگ پنشنرز ادویات خریدنے سے قاصر ہیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بزرگ شہریوں کے لیے میڈیکل الاؤنس فوری طور پر دس ہزار روپے ماہانہ کیا جائے۔


